ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار میں ذات پات کی مردم شماری کا اعلان نتیش کمار کی قیادت میں آل پارٹی میٹنگ میں منظوری

بہار میں ذات پات کی مردم شماری کا اعلان نتیش کمار کی قیادت میں آل پارٹی میٹنگ میں منظوری

Thu, 02 Jun 2022 11:23:49    S.O. News Service

پٹنہ، 2؍ جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار میں ذات پات کی مردم شماری کا راستہ صاف ہو گیا ہے- چہارشنبہ کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ہوئی آل پارٹی میٹنگ میں ذات پات کی مردم شماری کو منظوری دے دی گئی- تمام سیاسی جماعتوں بشمول بی جے پی نے آج متفقہ طور پر مستقبل قریب میں ذات پات کی مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا-

واضح رہے کہ ابتدا میں بی جے پی ذات پات کی مردم شماری کو لے کر بے چین تھی- بی جے پی کے سینئر لیڈر سشیل مودی، جو نتیش کی حکومت میں پہلے نائب وزیر اعلیٰ تھے، نے حال ہی میں کہا کہ پارٹی نے کبھی بھی ذات پات کی مردم شماری کی مخالفت نہیں کی اور اس سلسلے میں بہار اسمبلی میں منظور کردہ قرارداد کی بھی حمایت کی-

آج کی کل جماعتی میٹنگ کے بعد سی ایم نتیش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میٹنگ میں ہم نے اتفاق رائے سے طے کیا کہ ایک مقررہ مدت میں ذات پر مبنی مردم شماری کی جائے گی- جلد ہی اس تعلق سے کابینہ میں فیصلہ لیا جائے گا اور یہ پبلک ڈومین میں دستیاب ہوگا-یہ عام مردم شماری کی طرح ہی ہوگی لیکن چونکہ کچھ ریاستوں میں ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری پر پابندی ہے، اس لیے قانونی پریشانی سے بچنے کیلئے اصطلاحات کو تبدیل کیا گیا ہے- یہاں تک کہ کرناٹک، اڈیشہ اور تلنگانہ جیسی ریاستوں میں، جہاں ایسا کیا گیا، اسے سماجی اقتصادی سروے کے تحت شامل کیا گیا-


Share: